15 مئی، 2025، 2:07 PM
Journalist ID: 5632
News ID: 85833762
T T
0 Persons

لیبلز

صدر پزشکیان: ایران کی ایسی تعمیر کریں گے  جس کا کسی کو تصور بھی نہیں ہے

 کرمانشاہ – ارنا -صدر مملکت نے کرمانشاہ میں عوامی اجتماع سے خطاب میں کہا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی کی درایت اور اپنے اتحاد،یک جہتی اورہمدلی سے سبھی بحرانوں کو پیچھے چھوڑدیں گے اور سربلندی کے ساتھ باہرآئيں گے

 ارنا کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے صوبائی دوروں کے چھٹے دن آج جمعرات 15 مئی کی دوپہر کرمانشاہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔

    صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر نے  اس علاقے کے دورے میں ایرانی حکام اور رہنماؤں کے بارے میں ایسی بات کہی ہے کہ گویا" ہم چور ہیں" جبکہ درحقیقت وہ خود لٹیرے ہیں اور غارتگری کررہے ہیں۔

 انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنی پوری زندگی عوام کی خدمت کے لئے وقف کردی ہے، ہمارے رہبر عزیز(رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای) کی زندگی اور کھاناپینا اور ان کے پاس جوکچھ ہے سب کو معلوم ہے اور عالمی لیٹیروں کی زندگی بھی دنیا والوں کے سامنے ہے۔

صدر ایران نے کہا کہ عالمی لٹیرے اور جنہوں نے دنیا میں بدامنی پھیلا رکھی ہے، وہ یہ دعوی کرتے ہیں کہ ایران نے علاقے میں بدامنی پھیلائی ہے۔

 انھوں نے کہا کہ علاقے میں ہم نے بدامنی پھیلائی ہے یا اسرائيل نے جس کا امریکا جان لگاکے دفاع کرتا ہے؟ کس نے بدامنی پھیلائی ہے؟ ہم نے یا اسرائیل نے؟ جس نے پورے علاقے ميں قتل وخونریز کا بازار گرم کررکھا ہے۔

ڈاکٹرمسعود پزشکیان نے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ " ہم نے 47 برس سے ایران پر پابندیاں لگا رکھی ہیں اور اس کے لئے سارے راستے بند  کردیئے ہیں۔"

 صدر ایران نے کہا کہ وہ ایران اور ایرانیوں کو نہیں پہچانتے اور نہیں جانتے کہ اس سرزمین میں  کیسے کیسے فداکار دانشور اور سائنسداں موجود ہیں، اسی بنا پر وہ 47 برس کے دوران اس مملکت کو جھکانے میں ناکام رہے ہیں۔  

 ڈاکٹرمسعود پزشکیان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ساری سازشوں کا سلسلہ انہیں سے ملتا ہے، کہا کہ ہم امن و سکون چاہتے ہیں، ہمارے ملک اور ہمارے پڑوسیوں کی بنیاد اوراساس ایک ہے،ہم اپنے سبھی پڑوسی ملکوں، ترکیہ، عراق، افغانستان،پاکستان، آذربائیجان، ازبکستان، عمان، بحرین، متحدہ عرب امارات، اور سعودی عرب، سبھی سے پیمان دوستی رکھتے ہیں کیونکہ ہزاروں برس سے اس علاقے میں ہیں۔

   صدرمملکت نے کہا کہ ان کی کوئی بنیاد اور جڑ نہیں ہے اور وہ  ایرانیوں اور ہمارے ملک کی توہین کرتے ہیں۔    

 صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے سائنسدانوں کو قتل کرکے ہمیں شکست دے سکتے ہیں، لیکن یہ ان کی خام خیالی ہے۔

 صدر ایران نے کہا کہ وہ ہمیں دہشت گرد کہتے ہیں لیکن اسرائيل جس نے امریکا اور یورپ کے تعاون سے60 ہزار بے گناہ انسانوں کا قتل عام کردیا ہے، اورغزہ کے مظلوم فلسطینیوں پر آب ودانہ بند کردیا ہے، اس کے لئے امن و سکون کی بات کرتے ہیں۔

 انھوں نے کہا کہ ہم اپنے تاجروں، سائنسدانوں، نابغہ روزگار دانشوروں، حکام اور عوام کے باہمی اتحاد و یک جہتی سے اپنے ملک کو طاقتور بنائيں گے اور ایسا ایران تعمیر کریں گے جس کا کسی کو تصور بھی نہیں ہوگا۔

صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ہمارے سامنے مشکلات ہیں، لیکن نصرت الہی سے ایک ایک کرکے ان سبھی مشکلات کو دور کردیں گے اور اپنے اتحاد، یک جہتی اور ہمدلی نیز رہبر انقلاب اسلامی کی درایت سے سبھی بحرانوں کو پیچھے چھوڑدیں گے اور سربلندی کے ساتھ باہرآئيں گے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .